کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین جناب میرواعظ ڈاکٹرمولوی محمد عمر فاروق کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور آئے روز سرکاری فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیری عوام کے جذبہ مزاحمت کو توڑنے کیلئے انسان کش قانون AFSPAکے نام پر سرکاری فورسز کو یہاں کے لوگوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔
نارہ بل میں گزشتہ دنوں ریاستی پولیس کے ہاتھوں ایک کمسن نوجوان سہیل احمد صوفی کے لواحقین اور علاقہ کے غمزدہ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے حریت چیرمین نے ایک اعلیٰ سطحی وفد جس میں جناب جاوید احمد میر، جناب انجینئر ہلال احمد وار، جناب مشتاق احمد صوفی، جناب جعفر کشمیری اور دیگر کارکنان شامل تھے کے ہمراہ نارہ بل جا کر نوعمر شہید کے والدین کی ڈھارس بندھائی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔
اس موقعے پر مقامی جامع مسجد سے نارہ بل چوک تک ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں جناب میرواعظ کے علاوہ تحریک مزاحمت کے بزرگ رہنما جناب سید علی گیلانی اور آزادی پسند رہنما جناب محمد یاسین ملک اور متعدد حریت پسند رہنماؤں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بعد میں نارہ بل چوک میں ایک بڑے تعزیتی احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جناب میرواعظ نے شہید سہیل احمد صوفی اور جملہ شہداء کشمیر کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں BJPاور جموں کشمیر کی ہند نواز جماعتیں کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر یکساں طور مصروف عمل ہیں وہیں RSSجیسی فرقہ پرست تنظیم اپنے ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھا کر ہمارے ملی تشخص اور اسلامی شناخت کو کمزور کرنے کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نوجوان نسل کی تحریک آزادی کے تئیں وابستگی کو طاقت کے بل پر کچلنے کا عمل کبھی بھی ایک باجواز جدوجہد میں مصروف قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کسی نہ کسی بہانے لوگوں کو قتل کرنے اور مزاحتمی قیادت کی سرگرمیوں پر آئے روز پہرہ بندی کا عمل جاری ہے اور ان سب کا مقصد صرف یہ ہے کہ اس قوم کو اپنے جائز جدوجہد سے دستبرار کیا جا سکے۔ حریت چیرمین نے کہا کہ ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں سے نہ کشمیر کے تنازعہ سے جڑی حقیقتوں کو بدلا جا سکتا ہے اور نہ اس مسئلے کے منصفانہ حل کو ہمیشہ کیلئے ٹالا جا سکتا ہے۔
تحریک آزادی کے حق میں فلک شگاف نعروں کے بیچ حریت چیرمین نے اعلان کیا کہ اپنے مقصد اور جائز جدوجہد کے حوالے سے کشمیری قوم نہ صرف متحد ہے بلکہ شہیدوں کے مشن کو پایہ تکمیل تک لے جانے کیلئے رواں تحریک مزاحمت کو ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا۔
جناب میرواعظ نے کہا کہ اس خطے کے امن کیلئے اس مسئلے کا کشمیری عوام کی خواشتات کے مطابق منصفانہ حل ایک نا گزیر حقیقت ہے اور بھارت کے ارباب سیاست اور ان کے ریاستی ہمنوا کشمیر ی عوام کے خلاف ہر ظالمانہ حربہ آزما کر دیکھ چکے ہیں لیکن اس کے باوجود مسئلہ کشمیر نہ صرف ایک زندہ حقیقت کی شکل میں موجودہے بلکہ کشمیری عوام کی بے پناہ جانی و مالی قربانیوں اور اس مسئلے کی حساسیت کے پیش نظر عالمی سطح پر اس مسئلہ کے منصفانہ اور پائیدار حل کو جنوبی ایشیائی خطے کے امن اور استحکام کیلئے ضمانت بھی سمجھا جار ہاے ۔
-